01 مئی ، 2020
پشاورکے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کے پلازمہ سے کورونا مریضوں کے علاج کا آغاز ہوگیا۔
ایچ ایم سی انتظامیہ کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت صحت یاب مریضوں کا پلازمہ کورونا مریضوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ انچارج شعبہ ہیماٹالوجی پروفیسر ڈاکٹر شہتاج خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
ایچ ایم سی کے مطابق پلازمہ کا ایک عطیہ دو مریضوں کی جان بچانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں پیسیو امیونائزیشن کا طریقہ علاج ممتاز ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کی تجویز پر اختیار کیا جارہا ہے جس کی اجازت حکومت سندھ دے چکی ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے کونویلسینٹ پلازمہ کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 400 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 17 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔