Time 03 مئی ، 2020
پاکستان

ٹڈی دل کے حملے کے وقت ایک بار پھر وفاقی وزیر غذائی تحفظ لاپتا ہیں: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ٹڈی دل کے حملے کے وقت ایک بار پھر وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ لاپتا ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی متعدد درخواستوں کے باوجود وفاق کی جانب سے صوبوں کو ٹڈی دل کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ  وفاقی حکومت پھر ناکام ہوئی تو ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں ایک اور سانحہ جنم لے گا۔

یاد رہے کہ اس وقت وفاقی  وزارت تحفظ خوراک و تحقیق کا قلمدان سید فخر امام کے پاس ہے جنہوں نے گذشتہ ماہ خسرو بختیار کی جگہ عہدہ سنبھالا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل ایک بار پھر حملہ آور ہیں اور ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ ٹڈی دل کا فصلوں پر حملہ مزید تباہ کن ہوسکتا ہے جس سے غذائی قلت کا خدشہ ہے۔

دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ نے بھی وزیراعظم کو خط لکھ کریاد دہانی کرائی تھی  فصلوں پر ٹڈیاں 15 مئی کے بعد بڑا حملہ کرسکتی ہیں، 6 مارچ کو صوبے میں اسپرے کے لیے درخواست کی تھی لیکن یقین دہانی کے باوجود کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جلد فصلوں پر اسپرے نہیں کیا گیا تو فصلوں کو بہت نقصان ہوگا اس لیے وفاقی حکومت ٹڈی دل کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

مزید خبریں :