04 مئی ، 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے جب کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی تقریبات اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ اپنے اپنے گھروں میں بور ہورہے ہیں اور اس بوریت کو دور کرنے کے لیے آئے دن کچھ نہ کچھ نیا کیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر آن لائن کنسرٹ کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا جہاں گلوکار مداحوں کی فرمائش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لائیو سیشن کے دوران کنسرٹ کر رہے تھے۔
لیکن اب حال ہی میں لاک ڈاؤن میں آن لائن کنسرٹ کے بعد 'بالکونی کنسرٹ' یعنی گھر کی بالکونی میں کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے پڑوسی خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں ایک میوزیشن جوڑے نے اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ جنتا کرفیو کے پہلے دن گھر کی بالکونی میں کنسرٹ کیا جسے ان کے پڑوسیوں نے خوب پسند کیا۔
بعد ازاں میوزیشن جوڑے کی جانب سےکرفیو کے دوران روزانہ گھر کی بالکونی سے کنسرٹ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور وہاں رہنے والے لوگوں نے انہیں خوب سراہا۔
میوزیشن جوڑے کا کہنا تھا کہ 'یہ پوری دنیا کے لیے مشکل ترین وقت ہے اور اس دوران ہم نے پہلی بار جنتا کرفیو کے نافذ ہونے والے دن بالکونی میں کنسرٹ کیا جس کا ہمیں بے حد مثبت رد عمل ملا اور اب ہم روز کنسرٹ کرتے ہیں'۔