ترجمان ن لیگ نے شہباز شریف سے متعلق نیب کا بیان مسترد کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی احتساب بیورو (نیب) کیجانب سے شہباز شریف کامنی لانڈرنگ سے متعلق سوالوں کے جواب نہ دے سکنے کا بیان مسترد کردیا۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے نیب کے تمام سوالات کے جواب دیے اور تحریری طور پر جمع بھی کروا دیے ہیں، ان سے  منی لانڈرنگ کے بارے میں کوئی سوال نہیں پوچھا گیا، نیب جھوٹ بول رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹے الزامات اور کورونا خطرات کے باوجود نیب میں پیش ہوئے، اربوں کھربوں کی کرپشن کے متلاشی نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پوچھا آپ اپنے بچوں کی گاڑی میں کیوں آئے؟

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ہیلی کاپٹر کیس اور آٹا چینی چوری میں نیب میں پیش ہوں اور  23 جعلی اکاؤنٹس اور فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ مالم جبہ اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کرپشن اور درختوں کی کرپشن میں ملوث مجرموں کو بلانے کی تاریخ دے۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اگر نوازشریف،شہبازشریف قانون کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں تو آٹا اور چینی چور کیوں نہیں؟ نوازشریف بطور وزیراعظم، شہبازشریف بطور وزیراعلیٰ اورقائد حزب اختلاف قانون کے سامنے پیش ہوئے ہیں تو عمران خان اور عثمان بزدار قانون کے سامنے پیش کیوں نہیں ہوسکتے؟

 'شہبازشریف کااصل جرم آٹاچینی چوروں کی نالائقی بے نقاب کرنا ہے'

انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کا اصل جرم نالائق، نااہل اور آٹا چینی چوروں کی نالائقی اور ڈاکہ بے نقاب کرنا ہے، عمران خان سیاسی انتقام کی سازش چھوڑیں، قوم کی خدمت کا فرض نبھائیں۔

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج  نیب لاہور کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

اس  حوالے سے نیب حکام کا کہنا ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ سے متعلق سوالوں کے جواب نہ دے سکے اور  انویسٹی گیشن ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے لہٰذا انہیں 2 جون کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :