05 مئی ، 2020
دنیا بھر میں عالمگیر وبا کورونا وائرس کے خاتمے سے متعلق سائنسدان دن رات تحقیقات کر رہے ہیں تاہم بیماری کے علاج کے لیے کوئی مؤثر علاج سامنے نہیں آسکا ہے۔
اب برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کو خلیوں پر حملے سے بچانے والی اینٹی باڈیز کی شناخت کرلی گئی ہے جس سے بیماری کے علاج میں مدد ملنے کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس اینٹی باڈیز کو 'فورٹی سیون ڈی الیون' کا نام دیا گیا ہے، یہ کورونا وائرس کے بیرونی حصے پر موجود ابھار کی پروٹین کو ہدف بناتی ہے۔
چوہوں پر کیے گئے تجربات کے مطابق یہ اینٹی باڈیز اس کورونا پروٹین سے جڑجاتی ہے اس طرح وائرس کی پروٹین خلیوں سے جڑنے کے قابل نہیں رہتی جس سے کورونا وائرس خلیوں پر حملہ کرنے اور اپنی تعداد بڑھانے میں ناکام ہوجاتا ہے۔
یورپی ماہرین نے یہ اینٹی باڈیز ایسے چوہوں سے حاصل کی ہیں جن میں جینیٹک انجینئرنگ کے ذریعے انسانی جین داخل کیے گئے تھے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اینٹی باڈیز بنیادی طورپر اس کورونا وائرس کو ہدف بناتی ہے جو 2003 میں پھیلا تھا مگر یہ موجودہ کورونا وائرس یعنی کووڈ-19 کو بھی بے کار کر سکتی ہے۔