05 مئی ، 2020
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلا ؤ کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک مزید 15 روز کی توسیع کردی۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی ہے اور آج دوپہر 12بجے ختم ہونے والے لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کرتے ہوئے اسے 19مئی تک بڑھادیا ہے۔
صوبے میں لاک ڈاؤن کے دوران سماجی فاصلو ں کا خیال رکھتے ہوئے خاتون اور بچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی، بین الاضلاعی و بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند، دس یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی اور سماجی و مذہبی اجتماعات پر بھی پابند ی برقرار رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کے تعلیمی ادارے بھی 31 مئی تک بند رہیں گے جب کہ شاپنگ مالز، سنیماگھر، شادی ہالز، ہوٹل، شوروم، درگاہوں اور درباروں پر آمد و رفت پر بھی پابندی رہے گی۔
لاک ڈاؤن کے دوران تعمیراتی سامان فراہم کرنی والی دکانیں وگودام، اشیاء خوردونوش کی دکانیں، زراعت سے منسلک کاروبار، پیٹرول پمپ،کال سینٹرز، غیر سرکاری و فلاحی نتظیموں کے دفاترکھولنے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ جن دکانوں، کاروباروں اور دفاتر کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے انہیں کورونا وائر س سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی تھی۔