پاکستان
Time 24 اپریل ، 2020

بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کردی

تاجروں نے صوبائی حکومت سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، نماز تراویح کے لیے ایس اوپیز جاری کیے، ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی— فوٹو: فائل

کوئٹہ: وفاق کی جانب سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک اضافے کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کردی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بلوچستان میں اب تک 6ہزار کورونا ٹیسٹ کیے، مثبت کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے، صوبائی حکومت نے 5 مئی تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ تاجروں نے صوبائی حکومت سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، نماز تراویح کے لیے ایس اوپیز جاری کیے، علماء سے گزارش کی ہے کہ اس پر عمل کریں،علماء بھی اس بات کے مستحق ہیں کہ ان کی مالی مدد و معاونت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کو ہدایت کردی گئی ہے کہ رجسٹرڈ مساجد کے علماء کو معاشی پیکج دیں۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق 3366 تبلیغی حضرات دوسرے صوبوں سے آئے ہیں، تبلیغی حضرات کو مساجد میں آئسولیشن میں رکھاگیا ہے،ٹیسٹ کے بعد واپس بھیج دینگے، ہماری عوام نے لاک ڈاؤن میں رعایت کا غلط فائدہ اٹھانا شروع کردیا تھا، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہزار گنجی آئسولیشن مرکزمنتقل کیاجائیگا۔

ترجمان نے کہا کہ 1300 کنٹینرز پر مشتمل کورونا آئسولیشن وارڈ بنارہے ہیں، محکمہ بلدیات نے اپنی دکانوں کا 2ماہ کا کرایہ معاف کردیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 656 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 10 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :