Time 05 مئی ، 2020
کاروبار

پاکستان کی قرضے کی قسط مؤخر کرنے کیلیے جی 20 ممالک سے باضابطہ درخواست

فائل فوٹو: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: پاکستان نے قرضے کی قسط مؤخر کرنے کے لیے دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ (جی 20)  سے باضابطہ درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے  قرضے کی قسط مؤخر کرنے کی درخواست کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی قسط رواں سال دسمبر تک مؤخرکرنے کی درخواست کی گئی ہے جس میں ایک ارب 46 کروڑ ڈالر کی پرنسپل رقم اور 32 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا سود شامل ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قرضے کی قسط مؤخر ہونے کی صورت میں پاکستان رواں سال دسمبر تک نئے قرض حاصل نہیں کرسکے گا جب کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔

واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی جس کے باعث آئی ایم ایف نے بھی ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں ایک سال کا ریلیف دیا ہے۔