05 مئی ، 2020
مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر حکومت کی حکمت عملی کیا ہے یہ توسمجھا دیں؟ ہمیں تو کورونا وائرس پر کوئی کی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ جب اموات اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہو تو لاک ڈاؤن میں نرمی کیسے کرسکتے ہیں؟ حکومت نے لاک ڈاؤن کیا ہی کب؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تک وزیراعظم کا بیان نہیں آیا کہ لاک ڈاؤن ہونا چاہیے، وزیراعظم نے تو کہا کہ اشرافیہ نے لاک ڈاؤن لگایا ہے میں نے نہیں، عجیب سی منطق ہے، عجیب سی سوچ ہے، اللہ رحم کرے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب) کو شاہد خاقان عباسی کو 27 مئی تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق منیجگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی تعیناتی کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 3 ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور کرلی۔
سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی راہداری ضمانت بھی منظور کرلی ہے جبکہ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ضمانت منظور کی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے وفاق نے 9 مئی تک لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے جبکہ بلوچستان حکومت نے مزید 15 روز کیلئے 19 مئی تک لاک ڈاؤن بڑھا دیا ہے اور سندھ حکومت پہلے ہی لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رکھنے کا اعلان کرچکی ہے۔
دوسری جانب کورونا سے اموات اور متاثرہ کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں کورونا سے اب تک 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد ہے۔