دنیا
Time 06 مئی ، 2020

بھارتی فوج سے جھڑپ میں حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو شہید

شہید کمانڈر 2012 میں غاصب فوج کے خلاف مسلح جدوجہد میں شامل ہوئے تھے اور وہ 2016 میں حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر مقرر ہوئے تھے— فوٹو: بھارتی میڈیا

مقبوضہ کمشیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو ساتھی سمیت شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گاؤں میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا جس دوران مجاہدین سے جھڑپ ہوگئی۔

جھڑپ کے دوران حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو اور ان کے ساتھی عادل احمد شہید ہوگئے۔

خیال ہے کہ ریاض نائیکو کو 2016 میں برہان وانی کی شہادت کے بعد حزب المجاہدین کا چیف کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

ریاض نائیکو کون تھے؟

ریاض نائیکو کا تعلق پلوامہ کے علاقے بیگ پورہ سے ہی تھا اور وہ ریاضی  کے استاد تھے۔

وہ 2012 میں غاصب بھارتی فوج کے خلاف مسلح جدوجہد میں شامل ہوئے اور 2016 میں حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر مقرر ہوئے۔

ریاض نائیکو بھارت کو مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل تھے جن کے سر کی قیمت 12 لاکھ بھارتی روپے مقرر کی گئی تھی۔

انٹرنیٹ سروس بند 

حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر کی شہادت کے بعد پوری وادی میں غم اور اشتعال کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ قابض انتظامیہ نے وادی میں کرفیو کو مزید سخت کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔

دوسری جانب ریاض نائیکو کی شہادت کے خلاف حریت کانفرنس نے جمعے کو ہڑتال کا اعلان کردیا اور عوام سے شہید کے جنازے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

حریت کانفرنس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری وادی میں ریاض نائیکو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے۔

خیال رہے کہ بھارتی قابض فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں وحشیانہ کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے اور گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران قابض فوج نے جعلی آپریشن کے نام پر 20 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

مزید خبریں :