اعصام الحق بھی ڈریم پیئر مہم میں شامل، راجر فیڈرر کیساتھ جوڑی بنانے کی خواہش

راجر فیڈررکو اپنے ساتھ ڈریم پیئر میں چن کر آندرے آگاسی اور رافیل نڈال کی جوڑی کے خلاف میدان میں اترنا چاہوں گا: ٹینس اسٹار اعصام الحق— فوٹو:فائل 

ٹینس اسٹار اعصام الحق بھی ڈریم پیئر مہم میں شامل ہوگئے اور انہوں نے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کے ساتھ جوڑی بناکر آندرے اگاسی اور رافیل نڈال کے خلاف کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم اب دیگر کھیلوں کے قومی کھلاڑیوں کو بھی اپنے سحر میں مبتلا کررہی ہے۔ 

سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم کے بعد معروف ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے بھی اپنے کھیل کے ڈریم پیئرز چن لیے ہیں۔

اعصام الحق نے اے ٹی پی ٹور رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے ہمراہ کورٹ شیئر کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ راجر فیڈررکو اپنے ساتھ ڈریم پیئر میں چن کر شہرہ آفاق سابق ٹینس اسٹار آندرے آگاسی اور موجودہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر اسپین کے اسٹار رافیل نڈال کی جوڑی کے خلاف میدان میں اترنا چاہیں گے۔

اعصام الحق نے مکس ڈبلز میں ماضی کی عظیم خاتون ٹینس اسٹار مارٹینا نیوورا ٹیلووا کے ہمراہ جوڑی بناکر پیٹ سمپراس اور سابق عالمی نمبر ایک جرمنی کی اسٹیفی گراف کے خلاف میدان میں اترنے کی خواہش کی ہے۔

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے 40 سالہ قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق موجودہ اے ٹی پی ڈبلز رینکنگ میں 50ویں نمبر پر موجود ہیں۔

اس سے قبل وسیم اکرم اور شعیب اختر، نوجوان پیسر نسیم شاہ جبکہ سعید اجمل، مرحوم عبدالقادر کو چن کر ڈریم پیئر مہم میں شامل ہوئے۔

سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم سلمان اکبر بھی حسن سردار کے ساتھ میدان میں پاکستان کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ڈریم پیئر مہم کا حصہ بنے تھے۔

خیال رہے کہ راجر فیڈرر ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ 20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں اور وہ پروفیشنل ٹینس کے موجودہ دور میں ٹور کی سطح کے 100 ٹورنامنٹس جیتنے والے دوسرے مرد کھلاڑی ہیں۔

مزید خبریں :