07 مئی ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہمیں معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے ساتھ دیکھنا ہوگا کہ کورونا کے کیس تیزی سےنہ بڑھیں۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ عوام کو قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، اگر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مزید اقدامات کرنے پڑیں گے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ بڑے شاپنگ مالز بدستور بند رہیں گے،ہمیں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، شہریوں کی ذمہ داری کے بغیر اس وبا سے نمٹا نہیں جاسکتا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے سندھ کابینہ کے کورونا ریلیف آرڈیننس کو مسترد کیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ گورنر صاحب نے کیا تحفظات کیے ہیں، ہم کووڈ ریلیف آرڈیننس عوام کے لیے لائے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے ملک بھر میں نافذالعمل لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ تمام دکانیں فجر کے بعد سے شام 5 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خوراک اور ادویات کی دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں ہفتے میں دو روز بند رہیں گی۔