07 مئی ، 2020
بلوچستان میں پولیو کے مزید 3 نئے کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق پولیو کے نئے کیسز ژوب، نصیرآباد اور جھل مگسی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ژوب میں 8 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ نصیر آباد میں ساڑھے 4 سال کی بچی پولیو وائرس کا شکار ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ تیسرا کیس جھل مگسی میں سامنے آیا ہے جہاں 13 ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
3 نئے کیسز کے بعد بلوچستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔