Time 08 مئی ، 2020
دنیا

کووڈ 19: مسجد الحرام میں داخلے کیلئے جراثیم کش دروازے نصب

اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے جراثیم کش گیٹ سے گزرنا ہوگا—فوٹو بشکریہ حرمین 

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمہ دار جنرل پریزیڈنسی نے مسجد الحرام کے داخلی راستوں پر جراثیم کش دروازے نصب  کر دیے ہیں۔

حرمین ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پریذیڈنسی نے مسجد الحرام میں جدید سیلف اسٹیرلائزیشن یعنی خود کار جراثیم کش دروازے نصب کرنے کا عارضی تجربہ کیا ہے، اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو انھیں مسجد الحرام کے دیگر حصوں میں بھی لگائیں گے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے تمام افراد کو پہلے جراثیم کش گیٹ سے گزرنا ہوگا، وہاں اس پر سر تا پاؤں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔

 مسجدالحرام میں ان دروازوں کی تنصیب سے صرف ایک ہفتہ قبل تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے جو بیک وقت 25 تک افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کر سکتے ہیں، انھیں بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کیا گیا ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔

اس کے علاوہ  گزشتہ ماہ کے آخر میں خانہ کعبہ کو کورونا سمیت دیگر جراثیم سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید ترین اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے غلاف کعبہ، حجر اسود اور مقام ابراہیمؑ کی صفائی بھی کی گئی تھی۔

واضح رہےکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے بیت اللہ شریف کے طواف کے لیے محدود افراد کو داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے اور خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے جب کہ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت مطاف کو بند کر دیا گیا تھا۔

کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان پر بھی پابندی ہے، اس کے بجائے مستحق افراد میں راشن کے تھیلے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور مساجد میں باجماعت نمازوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد32 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 219 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :