08 مئی ، 2020
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے کل سے ہر صورت دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔
رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ کل سے صبح 9 تا شام 5 بجے تک ہر صورت دکانیں کھولیں گے اور روکنے پر مزاحمت کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ زندہ رہنے کے لیے دکانیں کھولنا تاجروں کی مجبوری ہے۔
اس سے قبل طارق روڈ ٹریڈرز الائنس نے بھی مالز نہ کھولنے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی اور صدر طارق روڈ ٹریڈرز الائنس نے کہا تھا کہ مالز نہ کھولنے کے فیصلے کیخلاف ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ پیر کو مالز کھولے جائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کو 9 مئی سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا جبکہ انہوں نے چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے بھی کہا ہے کہ 9 مئی تک جو کاروبار، ادارے اور دفاتر بند تھے وہ بدستور بند رہیں گے البتہ پیر سے چھوٹی دکانیں اور کاروبار صبح 5 تا شام 5 کھولے جاسکیں گے۔
اس فیصلے کے تناظر میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔