دنیا
Time 09 مئی ، 2020

امریکا اور برطانیہ کے بعد اٹلی میں بھی کورونا سے ہلاکتیں 30 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھرمیں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 13 لاکھ 94 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ہلاک افراد کی تعداد 78 ہزار 616 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 13 لاکھ 22 ہزار سے اوپر ہو چکی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے کورونا وبا کے باوجود پبلک مقامات کو کھولنے کے لیے مقامی حکام کو خط لکھ دیے ہیں جس میں ان سے تجاویز مانگی گئی ہیں کہ بتایا جائے کس طرح سے اور کب عوامی مقامات کو کھولا جائے۔

ادھر امریکا میں اپریل کے دوران بے روزگاری کی شرح میں 14 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور لاک ڈاؤن کے باعث اب تک 3 کروڑ 35 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں بھی 2 لاکھ 11 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 31 ہزار 241 ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی یورپی یونین میں شامل پہلا ملک ہے جہاں عالمی وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں 26 ہزار 299 اور فرانس میں 26 ہزار 230 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے بڑھتے ہوئے 10 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں جرمنی میں بھی ساڑھے 7 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جاپان نے بھی کورونا کیلئے دوا کی منظوری دیدی

امریکا کے بعد جاپان نے بھی کورونا وائرس کے علاج کے لیے اینٹی وائرل دوا رمڈیسیویر کے استعمال کی منظوری دے دی ہے جب کہ ماسکو میں جاری لاک ڈاؤن میں رواں ماہ کے آخر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

میکسیکو میں تین برس بہنیں قتل

میکسیکو کی شمالی ریاست کواہیلا میں تین برس بہنوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہےتہرے قتل کی واردات کی تحقیقات کر رہے ہیں تاہم ابھی تک قتل کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

کواہیلا کی وزارت صحت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے تین نرس بہنوں کے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں کو ایسے وقت میں قتل کیا گیا جب طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں صحت کے مسائل کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 29 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 76 ہزار 484 افراد ہلاک اور 13 لاکھ 94 ہزار 200 سے زائد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :