Time 09 مئی ، 2020
پاکستان

پنجاب حکومت نے ہفتے میں 4 دن کاروبار کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار جزوی لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ پیر تا جمعرات صبح 8 سے شام 5 بجے تک طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کاروبار کھولے جاسکیں گے۔

وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے مرحلہ وار نرمی کا اعلان کررکھا ہے جبکہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے وفاق سے صوبے کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔

تاہم اب صوبائی حکومت نے ہفتے میں 4 دن کاروبار کھولنے اور 3 دن لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو لاک ڈاؤن میں نرمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نرمی کے دنوں میں ساری دکانیں اور بازار کھلے رہیں گے تاہم بڑے پلازہ اور شاپنگ سینٹر مکمل بند رہیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بدستور لاک ڈاؤن کیا جا ئے گا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کھولے گئے کاروبار طے کردہ ضابطہ کار کے تحت ہفتے میں چار دن کام کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان چار دنوں میں سیلونز، حجام کی دکانیں اورجمنازیم بھی ضابطہ کار کے تحت کھولے جاسکیں گے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فیکٹریوں اور انڈسٹریز کو طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کام کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی انڈسٹری سے  جڑے متعلقہ تمام شعبہ جات بھی کھول دیے گئے ہیں جس کے مطابق پی وی سی پائپ اور الیکٹرک سامان کی صنعت اور دکانیں بھی کھل جائیں گی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کھولے گئے شعبہ جات کو طے کردہ ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا جبکہ 31 مئی سے پہلے دوبارہ صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے لیے فیصلے ہوں گے۔

یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا سے اب تک 191 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :