31 اگست ، 2012
اسلام آباد … حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 8 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، اوگرا نے سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوادی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ پاکستانی عوام پر پیٹرولبم بن کر برسنے والا ہے، اوگرا نے ستمبر کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوادی ہے۔ سمری کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 77 پیسے، جبکہ ڈیزل پر 5 روپے 94 پیسے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اوکٹین کی قیمت میں 8 روپے 18 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے 54 پیسے اضافہ متوقع ہے۔ سمری کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 5.86 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل نہ کیا جائے، حکومت پیٹرولیم لیوی کم کرکے قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھ سکتی ہے۔