10 مئی ، 2020
کورونا لاک ڈاؤن کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو لیجنڈ کرکٹرز کی جانب سے آن لائن رہنمائی کا سلسلہ مکمل ہو گیا۔
موجودہ کھلاڑیوں کی لاک ڈاؤن میں رہنمائی کے لیے ماضی میں پاکستان کو شاندار فتوحات دلانے والے معروف کھلاڑیوں جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد، معین خان، یونس خان، محمد یوسف، یونس خان اور شعیب اختر نے خصوصی ویڈیو سیشن کیے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کی بھرپور ٹپس دیں۔
اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ اپنے قیمتی وقت میں سے آن لائن سیشنز کا حصہ بننے والے عظیم کھلاڑیوں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں گھروں تک محدود کرکٹرز کے لیے ان مخصوص سیشنز کا انعقاد ایک بہترین تجربہ ثابت ہوا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے جب کہ ایک روزہ اور ٹیسٹ فارمیٹ میں بالترتیب تیسرے اور پانچویں بہترین بلے باز بابراعظم کا کہنا ہے کہ آن لائن سیشنز کا انعقاد ایک شاندار تجربہ رہا اور اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ اپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی محمد یوسف اور یونس خان کی اسکلز کے معترف رہے ہیں اور دونوں لیجنڈ بلے بازوں نے انہیں کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے مفید مشورے دیے ہیں۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ معین خان اور راشد لطیف نے آن لائن سیشنز کے ذریعے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا، ماضی کے تجربہ کار وکٹ کیپرز کی ٹپس ان کے لیے مشعل راہ ہیں۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد نے ہر مشکل وقت میں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، انہوں نے مشکل کنڈیشنز میں بہتر بولنگ کے گُر بھی سکھائے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز کی موجودگی میں آن لائن سیشنز میں شرکت ایک اچھا تجربہ رہا، ان سیشنز میں انہوں نے سابق کرکٹرز کے تجربات کی روشنی میں دباؤ سے نمٹنا سیکھا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ وسیم اکرم کے آن لائن سیشن کا حصہ بننا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں، عظیم فاسٹ بولر نے انہیں پراعتماد اور بے خوف بولنگ کا سبق دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ وسیم اکرم ان کے آئیڈیل کھلاڑی ہیں اور وہ ان کی طرح کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے۔