10 مئی ، 2020
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نرمی کے ساتھ کورونا لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں تعمیراتی سیکٹر، اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرانک آلات، پینٹس کی انڈسٹری کھول دی گئی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چھوٹی مارکیٹیں طے شدہ ضابطوں کے ساتھ کھولی جا سکیں گی جنہیں ہفتے میں 5 دن صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ لاک ڈاؤن میں جنرل اسٹور، بیکری، آٹا چکی، ڈیری شاپس، گوشت، فروٹ شاپس اور تندور پورا ہفتہ کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران پوسٹل کورئیر، پک اینڈ ڈراپ سروسز کو بھی صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، ساتھ ہی ٹائرپنکچر شاپس، ڈرائیور، ہوٹل، پیٹرول پمپ اور ریسٹورنٹس 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افراد کے لیے طے شدہ حکومتی ضابطوں پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا۔
حکومتی اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز، شادی ہالز ، شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز، بڑے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز 31 مئی تک بدستور بند رہیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ ہائیر سیلون اور حجام کی دکانیں بھی بند رکھی جائیں گی۔
پارکس، پولو کلب، ٹینس کورٹ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن پارکس میں بھی پلے ایریاز بند ہوں گے۔
وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے مرحلہ وار نرمی کا اعلان کررکھا ہے۔
اب تک اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 641 ہو چکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 5 ہے۔