12 مئی ، 2020
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی ہوم پر یکم رمضان سے نشر کیے جانے والے تاریخی ترکش ڈرامے 'ارتغرل غازی' کو پاکستان میں ترکی سے زیادہ مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔
پاکستان میں ارتغرل غازی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ ڈرامے کی پہلی قسط کو چند روز میں ہی کروڑوں صارفین نے دیکھا۔
سوشل میڈیا پر ترکش ڈرامہ نشر ہونے کے بعد سے ہی ڈرامے کی کردار 'حلیمہ' اور 'ارتغرل غازی' کے خوب چرچے کیے جارہے ہیں۔
بعد ازاں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے ترکش اداکار اور اداکارہ کو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فالو کرنا شروع کیا۔
جہاں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب ارتغرل کی کاسٹ کو خوب سراہا جا رہا ہے تو وہیں انہوں نے اب ڈرامے کے اداکار اور اداکارہ کو ان کے لباس اور رہن سہن کو لے کر سوشل میڈیا پر تنقید کرنا شروع کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے ترکش اداکار اور اداکارہ کے اکاؤنٹس پر ان کی تصاویر پر لباس اور رہن سہن کو لے کر بے جا تنقید کرنا شروع کردی ہے۔
اس تنقید کو دیکھتے ہوئے پاکستان شوبز اسٹار چپ نہ رہ سکے اور وہ سوشل میڈیا صارفین پر بھرک اٹھے۔
سوشل میڈیا صارفین کی بے جا تنقید پر اداکارہ ارمینا رانا بھڑک اٹھیں اور انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ایک ٹوئٹ کی۔
اداکارہ نے لکھا کہ 'میں معذرت خواہ ہوں، لیکن کیوں ؟ یہ اتنا برا کافی نہیں ہے کہ پاکستانی اداکاروں اور اداکاراؤں کو مذہب کی آڑ میں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اب ہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی اداکاروں کو مذہب کے حوالے سے تبلیغ کرکے خود کو مزید شرمندہ کر رہے ہیں'۔
اداکار ارمینا رانا نے مزید لکھا کہ یہ ناقابل یقین ہے!
اداکار احسن خان نے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا۔
احسن نے لکھا کہ 'میں جانتا ہوں کہ پاکستان میں لوگ سوچتے ہیں کہ یہاں پر اداکاروں کو ٹرول کرنا اور انہیں جج کرنا ٹھیک ہے،کم از کم ارتغرل کی کاسٹ کو بخشا جائے، یہ شرمناک بات ہے'۔