12 مئی ، 2020
ترکی سمیت دنیا بھر میں مقبول ہونے والے ڈرامے 'ارتغرل غازی' کو حال ہی میں اردو زبان میں ڈب کرکے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پی ٹی وی ہوم پر نشر کیا گیا ہے۔
ڈرامہ سیریل کو پاکستان میں بے حد مقبولیت حاصل ہورہی ہے جب کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹارز کی جانب سے بھی شہرہ آفاق ڈرامے کو خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
حمزہ علی عباسی، بلال اشرف اور اداکار ہارون کی جانب سے ڈرامے ارتغرل غازی کو بے حد پسند کیا گیا جب کہ فلم اسٹار شان نے ترکش ڈرامہ پاکستان میں نشر کرنے پر تنقید بھی کی۔
اداکار شان شاہد کے بعد سیاست دان و سماجی کارکن جبران ناصر نے ارتغرل غازی پاکستان میں نشر کرنے کے حوالے سے تنقید کی تھی۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں ہمارے پاس لاتعداد ثقافتیں ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ بہت سے لوگوں کو ابھی تک اپنی شناخت کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے پاکستانیوں اور بھارتیوں کی مماثلت کے حوالے سے لکھا کہ اکثر تو گورے (انگریز) مماثلتوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو بھارتی سمجھ بیٹھتے ہیں، پہلے ہم نے خود کو عربی بنایا اور اب ہم خود کو ترک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جبران ناصر کی تنقید پر اداکار ہارون شاہد نے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ 'لیں جی پھر تو 80 فیصد پٹھان اور کشمیریوں کو فوراً سےجون کی دھوپ کی روشنی لے لینی چاہیے ورنہ جبران بھائی کو لگے گا کہ ہم اطالوی باشندے لگنے کی کوشش کر رہے ہیں'۔
بعدازاں انہوں نے لکھا کہ مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور چاہے کچھ بھی ہو جائے میں ارتغرل غازی دیکھوں گا۔