12 مئی ، 2020
کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا ہے جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر محمد حنیف وفاقی حکومت کی جانب سے مستحقین کو 12 ہزار روپے فی خاندان دینے کے احساس پروگرام کیلئے رزاق آباد میں ڈیوٹی پر تعینات تھا جہاں اسے دیگر اہلکاروں کی طرح رقوم کے حصول کیلئے آنے والے سیکڑوں افراد سے ڈیلنگ کرنا پڑ رہی تھی۔
اسی دوران محمد حنیف کورونا وائرس کا شکار ہوا اور ٹیسٹ مثبت آنے پر اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں کئی دن سے محمد حنیف کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات آ رہی تھیں تاہم منگل کی شام وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
گزشتہ روز بھی ایک پولیس اہلکار کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا تھا جس کے بعد مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 5 ہوچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق منگل کو سندھ پولیس کے مزید 5 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد 157 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید دو پولیس اہلکارصحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
عالمی وبا سے سب سے زیادہ کراچی کے پولیس اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ پولیس کے ابھی بھی 121 اہلکار مختلف اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔