Time 12 مئی ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کی ملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹائیگر فورس سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، صوبائی چیف سیکرٹریز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو صوبائی سطح پر ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی گئی جبکہ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے متعلق وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو گائیڈ لائنز بھی دیں۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ٹائیگر فورس کو متحرک کیا جائے، چیف سیکرٹریز صوبائی اور ضلعی سطح پر ہدایت نامے جاری کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹائیگر فورس سے احساس لیبر رجسٹریشن پروگرام میں بھی مدد لی جائے اورانتظامی سطح پر بہترین کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، مشکل وقت میں قوم کے لیے وقت نکالنے والے نوجوان ہیروز ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 30 مارچ کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا اور پھر 9 اپریل کو اسے فوری طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :