04 مئی ، 2020
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی مدد اور ان کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے بنائی گئی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس آج سے ملک بھر میں آپریشنل ہو جائے گی۔
عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اجلاس کو ٹائیگر فورس کے حوالے سے بریفنگ دی جب کہ اجلاس میں کورونا کی صورتحال،حکومتی اقدامات اورمرض کے خدشات پربھی بات کی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ٹائیگر فورس کو آج سے ملک بھر میں آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے نوجوانوں سے خطاب کے بعد آج ٹائیگر فورس ملک بھرمیں آپریشنل ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر اعلیٰ بیوروکریسی اور ضلعی انتظامیہ ٹائیگر فورس کی معاونت کرے گی۔
وزیراعظم نے تمام پارٹی رہنماؤں کو ٹائیگر فورس کو اپنے اپنے حلقوں میں متحرک کرنے کی ہدایت کی اور پارٹی اراکین کو گائیڈ لائنز بھی دیں۔
اس کے علاوہ عمران خان نے اراکین اسمبلی کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 30 مارچ کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا اور پھر 9 اپریل کو اسے فوری طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی تھی۔