12 مئی ، 2020
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے سبب کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں انتظامیہ نے کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کئی سخت سزاؤں کے ساتھ جرمانے کا اعلان کیا ہے۔
جن سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سب سے منفرد سزا سماجی فاصلہ نہ رکھنے والوں کے لیے ہے ، انہیں سزا کے طور پر بیت الخلاء کی صفائی کرنا ہوگی جب کہ دیگر خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔
ماسک نہ پہننے والوں کو 2 لاکھ 50 ہزار انڈونیشین روپے کا جرمانہ بھرنا پڑے گاجب کہ مجمع لگانے والے افراد کوعوامی مقامات کی صفائی کرنی پڑے گی۔
انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ قانون توڑنے والوں کو مخصوص جیکٹ بھی پہنائی جائے گی اور جو کمپنیاں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتی نظر آئیں گی ان پر 5 کروڑ تک کا جرمانہ کیا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔