Time 13 مئی ، 2020
پاکستان

کراچی میں حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر زینب مارکیٹ سمیت کئی بڑی مارکیٹیں سیل

کراچی میں کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پولیس نے زینب مارکیٹ سمیت کئی بڑی مارکیٹیں سیل کردیں۔

وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد ملک بھر میں کاروباری مراکز کھل چکے ہیں۔

گزشتہ دو روز کے دوران بھی بازاروں میں حکومت کی جانب سے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد دیکھنے میں نہیں آیا تھا تاہم اب کراچی میں پولیس نے خلاف ورزی پر مارکیٹیں سیل کرنا شروع کردی ہیں۔

صدر میں واقع زینب مارکیٹ اور مدینہ سٹی مال میں ضلعی انتظامیہ نے چھاپہ مارا اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں کو سیل کردیا۔

زینب مارکیٹ کے علاوہ وکٹوریہ مارکیٹ، انٹرنیشنل مارکیٹ، گُل پلازہ اور ارحم شاپنگ سینٹر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنرگارڈن اسماء بتول نے کہا کہ دکانداروں نے سینیٹائزر نہیں رکھے تھے اور نہ ہی ماسک اورگلووز  پہنے تھے۔

دوسری جانب مارکیٹیں سیل کرنے پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ احتجاج کے دوران  بھی تاجروں نے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا۔

مزید خبریں :