Time 13 مئی ، 2020
پاکستان

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے،  ڈیم کے مرکزی حصے کی تعمیر کیلئے 442 ارب روپے کا ٹھیکہ پاور چائنا اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت آبی وسائل کے مطابق معاہدے پر بھاشا ڈیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر بشیر نے دستخط کیے جب کہ پاور چائنا کی جانب سے معاہدے پر چینی کمپنی کے نمائندے نے دستخط کیے۔

ترجمان کے مطابق کنٹریکٹ میں ڈائی ورژن سسٹم، مین ڈیم، پُل اور تانگیر پن بجلی گھر کی تعمیر شامل ہے۔

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)  کے چیئرمین مزمل حسین نے بتایا کہ  دیامر بھاشا ڈیم پر لاگت کا کل تخمینہ 1406.5 ارب روپے ہے اور یہ 2028ء میں مکمل ہوگا۔

 چیئرمین  واپڈا کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہوگی جب کہ ڈیم میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحت 4500 میگاواٹ ہوگی جس سے نیشنل گرڈکو سالانہ 18 ارب یونٹ بجلی ملےگی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے  آبی وسائل فیصل واوڈاکا کہنا تھا کہ آج کا دن ملکی تاریخی کا بڑا دن ہے ، 5 دہائیوں بعد اتنا بڑا منصوبہ شروع ہوا، دیامربھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی کیلئے اہم منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے ایک سال میں مہمند، دیا مر بھاشا جیسے بڑے ڈیمز پرکام شروع کیا،اس معاہدے سے پاک چین دوستانہ تعلقات کا نیا باب شروع ہوگیا ہے۔

'اس منصوبے سے 1.2 ملین ایکڑ  زمین آباد ہوگی'

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آبی وسائل کو محفوظ کریں گے، اس منصوبے سے تربیلا ڈیم کی زندگی میں 35 سال اضافہ ہوگا جب کہ 1.2 ملین ایکڑ زمین آباد ہوگی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان کی تمام نسلوں کیلئے ایک تاریخی خبر ہے اور ساتھ ہی یہ ہماری معیشت کیلئے بھی ایک مثبت محرک ثابت ہوگا جس سے نہ صرف 16 ہزار 500 ملازمتیں پیدا ہوں گی بلکہ 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پید اہوگی'۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کیا تھا جس میں شہریوں سے چندہ جمع کرانے کی اپیل کی گئی تھی۔

بعد ازاں اس فنڈ کا نام سپریم کورٹ آف پاکستان اینڈ وزیراعظم دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈ کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :