کوئی پروپیگنڈا عمران خان کی نا اہلی اور خراب حکمرانی چھپا نہیں سکتا، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  نیب نیازی گٹھ جوڑ پر افسوس ہے،کوئی پروپیگنڈا آپ کی نا اہلی اور خراب حکمرانی چھپا نہیں سکتا۔

اپنے بیان میں ن لیگ کے سربراہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ پروپیگنڈے کے پرانے گھسے پٹے ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے، یہ بدترین نا اہلی اور چینی، گندم، ادویات اور بی آرٹی پشاور میں اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پہلے عمران خان نے الزام لگایا کہ پاناما کیس میں خاموشی اختیارکرنے پر 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی، پھر ملتان میٹرو میں گڑبڑ کا الزام لگایا جب کہ چین نے اس بے بنیاد الزام کو مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک عدالت میں ان الزامات کے حق میں ایک ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے درجنوں کمپنیاں اپنے ملازمین کے نام پر بنائی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے جن ملازمین کے نام پرکمپنیاں بنائی گئیں ان کی تنخواہیں 18 ہزار سے 70 ہزار تک ہیں اور ثبوت کے طور پر چیک کی کاپیاں بھی موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب ملازمین کے بے نامی اکاؤنٹس میں 17 ارب 40کروڑ روپے جمع ہوئے جب کہ یہ سب ملازمین ان کے ہیں اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) میں رجسٹرڈ ہیں، ایک 18 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ والے ملازم کے اکاؤنٹ میں 450 ملین ٹرانسفر کیے گئے ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ تمام شواہد نیب کے پاس موجود ہیں، نیب کو چاہیے یہ مقدمہ تیار ہے اسے فائل کرے، یہ تمام تحقیقات ہو چکی ہیں، میرے اختیار میں گرفتاری نہیں ہے، اگر میں نے غلط بیانی کی ہے تو شہباز شریف بے شک لندن میں مقدمہ کریں میں تیار ہوں۔

مزید خبریں :