کے پی حکومت کا بھی پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ ضابطہ کار کے تحت کھولنے کا فیصلہ

پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے بھی پیر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت کے بعد کیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھولا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر ضابطہ کار تشکیل دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔

اجمل وزیر نے بتایا کہ ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنز کی حدود میں ہوں، ان کو کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا جبکہ پیٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے میں حجام کی دکانیں بھی ضابطہ کار کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔

صوبائی حکومت نے سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے  ضابطہ کار تیار کرلیے

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے ضابطہ کار تیار کرلیے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیر اعلیٰ محمود خان خود محکمہ سیاحت کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے ضابطہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں واضح کمی لائی گئی جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مختلف روٹس کیلئے نیاکرایہ نامہ جاری کیا ہے۔

اجمل وزیر نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں اور لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ کورونا کا خطرہ ٹل چکا ہے، اب پہلے سے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں صوبائی کابینہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے اور وزیراعلیٰ ضابطہ کار پر عملدرآمد سے متعلق خود صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ  سارے فیصلے سے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکا اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟ 

خیال رہے کہ آج پنجاب نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز کھولنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں تاحال پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں اب تک مہلک وائرس کے باعث 291 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5678 ہے۔

مزید خبریں :