دنیا
Time 16 مئی ، 2020

بھارتی ریاست یوپی میں لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں اذان دینے کی اجازت

فائل فوٹو

الہ آباد کی ہائیکورٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران ریاست اترپردیش کی مساجد میں  لاؤڈ اسپیکر کے بغیر اذان دینے کی اجازت دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق الہ آباد ہائیکورٹ نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ریاست اترپردیش کی مساجد میں اذان دینے کی اجازت دے دی تاہم لاک ڈاؤن میں اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو ممنوع قرار دیاہے۔

دو رکنی عدالتی بینچ نے ریمارکس دیے کہ اذان اسلام کا لازمی حصہ ضرور ہوسکتی ہے لیکن اذان دینے کے لیے لاؤڈ اسپیکر یا کسی اور ڈیوائس کا استعمال مذہب کا لازمی حصہ نہیں۔

عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ ہمارا یہ خیال ہےکہ کہ مؤذن مسجد کے مینار سے بغیر کسی لاؤڈ اسپیکر کے اذان دے سکتا ہے اور اس معاملے میں انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے گائیڈ لائنز کا بہانہ بناکر اس میں رکاوٹ نہ بنے۔

عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ درخواست گزار مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دینے کی اجازت کے لیے اس سلسلے میں کوئی ریکارڈ لانے یا کسی اپیل کو پیش کرنے میں ناکام ہوئے ہیں لہٰذا عدالت کی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر کا استعمال غیر قانونی ہوگا اور عدالت کی اجازت کے برخلاف ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :