پنجاب میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، پہلے سے زيادہ احتیاط کرناہوگی، یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، پہلے سے زيادہ احتیاط کرنا ہوگی۔

لاہور میں صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں  کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث طبی سہولیات کا ازسرنو جائزہ لیا جارہا ہے۔

 ان کاکہنا تھا کہ ہمیں کورونا سے بچاؤ کیلئے پہلے سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی، لاک ڈاؤن میں نرمی کامطلب کوروناوائرس کاخاتمہ نہیں ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کی صحت کویقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے،کورونا کے مریضوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کسر اٹھانہیں رکھی جارہی، ہمیں بطورقوم کوروناوائرس کے خلاف جنگ کو جیتنا ہے۔

صوبائی حکومت کا عید الفطر پر ایک ہفتے کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ 

دوسری جانب پنجاب حکومت نے  انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروس کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

صوبائی حکومت نے عید الفطر پر ایک ہفتے کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے اور  25 سے  31 مئی تک چھٹیاں ہوں گی، چھٹیوں میں پارکس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھی جائے گی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 245 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :