Time 17 مئی ، 2020
پاکستان

پنجاب میں 26 سے زائد صنعتوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت مل گئی

متعلقہ انڈسٹریز کے لیے ضابطہ کار بھی جاری کردیے ہیں جن پر سختی سے عمل کرایا جائے گا: صوبائی وزیرصنعت و تجارت اسلم اقبال— فوٹو:فائل 

پنجاب حکومت نے 26 سے زائد صنعتوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

محکمہ صنعت و تجارت پنجاب نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے جس  کے تحت صوبے کی 26 سے زائد صنعتوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت مل گئی ہے ۔

صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری سے نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے اور متعلقہ انڈسٹریز کے لیے ضابطہ کار بھی جاری کردیے ہیں جن پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال کے تناظر میں وزیراعلیٰ نے اہم فیصلے کیے ہیں اور دفاع سے متعلقہ اشیاء تیار کرنے والی انڈسٹری کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں پاورلومز، فوڈ انڈسٹر ی، فلور ملز، پولٹری فیڈ ملز اور رائس ملز کو اجازت دی گئی ہے جبکہ لائیو اسٹاک سے متعلقہ کاروبار کو بھی کھول دیا جائے گا۔

حفاظتی لباس، ماسک، گلوز تیار کرنے، اسٹوریج، پرنٹنگ، پیکنگ، سائیکل، موٹر سائیکل اور کار کی انڈسٹری کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

دودھ اور دودھ سے بننے والی اشیاء، سینیٹائرز، صابن، ٹشو پیپرز تیار کرنے والے اداروں کو بھی کام کی اجازت ہوگی جبکہ آئل اینڈ گیس پرڈوکشن کمپنیوں بھی کام کرسکیں گی۔

نوٹیفیکشن کے مطابق پاک عرب ریفائنری کمپنی،کھاد بنانے والے فیکٹریوں کو پرڈوکشن، ٹرانسپورٹیشن، اسٹوریج، ٹریکٹر، تھریشر، ہارویسٹر بنانے والی کمپنیوں کو بھی اجازت دی گئی۔

بیج،کھاد، زرعی ادویات، جانوروں کے چارے کی دوکانوں کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ میچ باکس، ایل پی جی سینٹر، سوڈا ایش انڈسٹری، موبائل فون بنانے والے کمپنیوں، اینٹوں کے بھٹے، ریت بجری، سیمنٹ اور چھتیں تیار کرنے والے کارخانے کل سے کھل جائیں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے پہلے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے چکی ہے

مزید خبریں :