میئر اسلام آباد کا معطلی کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے معطل کیے جانے والے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

ویڈیو بیان میں شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ میئرشپ سے معطلی تحریک انصاف حکومت کے انتقامی چہرے کی حقیقی تصویر ہے اور پی ٹی آئی کارکردگی پر نہیں بلکہ انتقام پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک کی ساری اپوزیشن حکومت کے نشانے پر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میری معطلی کابینہ کے بجائے سرکولیشن کے تحت منظوری لی گئی، ملک کے سارے اہم ترین مسائل چھوڑ کر چھٹی کے دن معطلی کے احکامات جاری کرکے پی ٹی آئی حکومت نے ثابت کردیا کہ ان کی ترجیحات عوامی مسائل کا نہیں بلکہ کچھ اور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ معطلی کا فیصلہ کورونا وبا کے تناظر میں اداروں کو مفلوج کرنے کے مترداف ہے اور اِس انتقامی کارروائی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو معطل کردیا گیا ہے۔

میئر اسلام آباد کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے معطل کیا گیا اور کابینہ ارکان نے سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔

مزید خبریں :