پنجاب بھر میں پیر سے ٹرانسپورٹ حفاظتی اقدامات کے تحت چلے گی: صوبائی وزیر صنعت

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ  تمام بڑے ٹرانسپورٹرز نے حکومتی ضابطہ کار (ایس او پیز) کو خوشدلی سے قبول کیا ہےکل سے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ حفاظتی اقدامات کو مکمل کرتے ہوئے چلے گی۔

آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کی جانب سے پنجاب حکومت کی شرائط کے ساتھ بسیں چلانے سے انکار پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نےکہا ہے کہ سیاسی وابستگیاں رکھنے والے چند ٹرانسپورٹرز کے علاوہ تمام ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو ضابطہ کار پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے ضوابط تیار کیے تھے، تمام بڑے ٹرانسپورٹرز نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ضابطہ کار کو خوشدلی سے قبول کیا ہے اور کل سے پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ حفاظتی اقدامات کو مکمل کرتے ہوئے چلے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بس میں ایک ہی خاندان کے افراد کے لیے خالی سیٹ چھوڑنے کی پابندی نہیں ہوگی جب کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت تمام مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا اور اڈے سے روانگی سے قبل بس میں جراثیم کش اسپرے کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زائدکرائے، زیادہ مسافربٹھانے یا کورونا کے حوالے سے اعلان کردہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروس کھولنے کی اجازت دی تھی جب کہ کرایوں میں بھی 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔

تاہم  پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے حکومتی شرائط کے ساتھ بسیں چلانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنجائش سے آدھے مسافر بٹھانے کے بعد مقررہ کرایوں میں گاڑیاں نہیں چلا سکتے۔

مزید خبریں :