کراچی میں فی الحال ٹرین نہیں چلے گی: وزیرٹرانسپورٹ سندھ

 وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں فی الحال ٹرین نہیں چلے گی، شیخ رشید کو عوام کی زندگیوں کی فکر کم اور ٹرین چلانے کی فکر زیادہ ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وزیرٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا ہے کہ ہمیں عوام کی فکر ہے اور آپ کو ٹرین کی فکر ہے، ٹرینیں چلیں تو پھر کورونا وائرس پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔

اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ٹرینیں کھلنے سے ریلوے اسٹیشنز پر ہجوم بڑھ جائے گا اور کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید  اگر آپ صوبے کے محتاج نہیں تو صوبے بھی آپ کے محتاج نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرینیں پوری پاکستان کی ہیں، ان کو کھولنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات نہیں کروں گا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں مراد علی شاہ کے ماتحت نہیں ہوں، نہ ہی ہم کسی سے الجھنا چاہتے ہیں، ٹرین پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، اس لیے ریلوے کے حوالے سے جب بھی بات کروں گا تو اسد عمریا وزیراعظم سے کروں گا مراد علی شاہ سے نہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ریلوے صرف پنجاب کی نہیں پورے پاکستان کی ہے مگر کراچی کا ٹریک کھلے گا تو ریلوے چلے گی، انشا اللہ پرسوں ٹرین چلائیں گے، اجازت نہ ملی تو عوام کا پیسہ واپس کر دیں گے۔

مزید خبریں :