حلیمہ کے بعد ارطغرل کے ایک اور نامور کردار کی پاکستان آنے کی خواہش

ارتغرل غازی پاکستان میں مقبولیت کی بلندیوں پر ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں مقبول ترین ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کی تاریخی کہانی نہ صرف پسند کی جا رہی ہے بلکہ مداح اس کی کاسٹ سے بھی خوب متاثر ہو چکے ہیں اور انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی مسلسل دعوت دے رہے ہیں۔

دو روز قبل ’ارطغرل غازی‘ میں ’حلیمہ سلطان‘ کا مقبول کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراء بلجیک کے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ پر پاکستانی مداح نے انہیں’ارطغرل غازی‘ کی پاکستان میں مقبولیت کے حوالے سے بتایا اور لکھا کہ پاکستان میں سیریز سب بہت شوق سے دیکھ رہے ہیں۔

مداح نے اسراء کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں اس سیریز نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔

اسراء نے پاکستانی مداحوں کے محبت بھرے پیغامات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان سے ملنے والی محبت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، پُرجوش ہوں کے پاکستان کا دورہ کروں اور آپ سب سے ملاقات کروں، اپنا بے حد خیال رکھیے‘۔

اب اسراء کے بعد ڈرامے کے ایک اور مقبول کردار ’دوآن ایلپ‘  جن کے سوشل میڈیا پر کوہلی سے مشابہت کے چرچے ہیں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اداکار جاوید چتین گونر  نے انڈیپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان سے ملنے والی محبت کے مشکور ہیں اور اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں اس ڈرامے کا اتنا اچھا ردعمل آیا۔

ارطغرل غازی میں مقبول کردار ’دوآن ایلپ‘ کے سوشل میڈیا پر کوہلی سے مشابہت کے چرچے ہیں—فوٹو فائل

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کے لیے دوسرا گھر ہے جیسے ان کے پاکستانی دوستوں کے لیے ترکی ان کا دوسرا گھر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان آئیں گے، اس دوران لوگ گھروں میں رہ کر ارطغرل غازی دیکھتے رہیں۔ 

واضح رہے کہ سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ارطغل کی بہادری، مضبوط ایمان، حوصلہ، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں نے جہاں پاکستانیوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے وہیں اس کے معاون کرداروں نے بھی پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔

مزید خبریں :