میئر اسلام آباد کی معطلی کا معاملہ، وفاق سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز   نے اپنی معطلی کے فیصلے کو  اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

شیخ انصر عزیز نے کرپشن الزامات پر 90 روز کی معطلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے وفاق، وزارت داخلہ اور لوکل گورنمنٹ کمیشن کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 17 مئی 2020 کا وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، اور درخواست پر فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کر کے بطور میئر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

معطل میئر اسلام آباد نے کہا کہ میرے خلاف کی گئی کارروائی غیرقانونی ہے، عدالت فریقین کو ہدایت دے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں اور کام کرنے دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے میئر اسلام آبادکی معطلی کے خلاف درخواست پر وفاق سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

ہائیکورٹ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن کو آئندہ سماعت پر 21 مئی کو طلب کر لیا، عدالت نے میئر اسلام آباد کی معطلی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی کا فیصلہ تمام فریقین کو سن کر کریں گے۔  

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈے میں مبینہ کرپشن کے الزامات میں 90 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔

جب کہ شیخ انصر عزیز نے اپنی معطلی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :