18 مئی ، 2020
سندھ اور بلوچستان نے وفاقی وزارت ریلوے کی جانب سے ٹرین سروس کھولنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ہے کہ اس فیصلے سے قبل سندھ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل نہیں ہوا تو شیخ رشید کو استعفیٰ دینا ہوگا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ اگر ادارے کو خسارہ ہوتا ہے تو کیا ازالہ لوگوں کی جان سے کریں؟
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ہے کہ ایس او پیز کے بغیر ٹرانسپورٹ کھلنے سے کورونا دیہاتوں تک پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے سفر نہ کرنے کی بھی اپیل کردی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 مئی سے 30 مئی تک معیاری ضابطہ کار (ایس اوپیز) کے ساتھ ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل پشاور میں انتظامات دیکھوں گا اور پھر پرسوں گرین لائن کوروانہ کروں گا،کسی ڈویژن میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کےخلاف کارروائی کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 31 مئی تک حالات ٹھیک رہے تو تمام ٹرینیں یکم جون سے کھول دیں گے، لوگ ضابطہ کار پرعمل کرتے ہیں تو سب ٹھیک ہے، شہری کسی مسافر کو چھوڑنے یا لینے نہ آئیں۔