جی 20 سے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں 2 ارب ڈالر سے زائد ریلیف ملنے کا امکان

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ (جی 20) سے قرضوں کو مؤخر کرانے کا معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

 ای سی سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جی 20 ممالک سے قرضوں کو مؤخرکرانے کا معاہدہ کرنے کی منظوری دی گی جس کے تحت جی 20 ممالک سے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

اعلامیے کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن پیرس کلب اور جی 20 ممالک سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرے گا۔

اس موقع پر حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کمرشل قرضوں کو مؤخر کرانے کا ارادہ نہیں رکھتا،پاکستان دو طرفہ معاہدوں کی پاسداری کرے گا۔

ای سی سی کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی عمارت کی مرمت کیلئے  36 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ سمیت وزارت ہاؤسنگ کیلئے 3 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے  پاور سیکٹر کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے 10 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مزید خبریں :