Time 20 مئی ، 2020
پاکستان

ویکسین بننے تک ہمیں کورونا کے ساتھ ہی گزارا کرنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے پر توجہ نہ دینے کے باعث کورونا کی وبا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے، ویکسین بننے تک ہمیں کورونا کے ساتھ ہی گزارا کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں کووڈ 19 ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک کورونا کی ویکسین نہیں بنتی ہمیں اس وائرس کے ساتھ ہی گزارا کرنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا حقیقی حل ویکسین ہی ہے، صحت کے  شعبے میں ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے تاہم اگر مغربی ممالک سے موازنہ کریں تو ہمارے حالات ویسے نہیں ہیں، کورونا کے باعث ترقی یافتہ ممالک میں  بہت برے حالات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑےگا،ٹیلی ہیلتھ پورٹل اچھا اقدام ہے،اس سے قبل ٹیلی ایجوکیشن ہم نے لانچ کیا تھا،ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم دور دراز علاقوں میں تعلیم دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ سے زائد لوگ ٹائیگر فورس میں شامل ہوچکے ہیں،کورونا کیسز بڑھنے پر ہمیں مزید ڈاکٹروں کی ضرورت پڑے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :