حکومت بلوچستان نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا

  عید کی تعطیلات کے دوران میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی،فوٹو:فائل

 حکومت بلوچستان نے 22 مئی سے 27 مئی تک عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران تجارتی مراکز، عوامی مقامات، بازار اور دکانیں بند رہیں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  عید کی تعطیلات کے دوران میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

خیال رہے کہ حکومت بلوچستان نے گذشتہ روز صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو 15 روز کیلئے بڑھادیا  ہے جو اب 2 جون تک برقرار رہے گا۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، دکانیں، گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم رمضان کے بعد شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور دکانیں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کھولی جاسکیں گی۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق  کریانہ و جنرل اسٹورز پرکورونا کےتدارک کیلئے احتیاطی تدابیرپر عمل یقینی بنایاجائےگا۔

 واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد2 ہزار 968 ہوچکی ہے جب کہ 38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :