Time 20 مئی ، 2020
پاکستان

بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 2 جون تک توسیع

حکومت بلوچستان نےصوبے میں اسمارٹ لاک ڈاون کو 15 روز کے لیے بڑھادیا جو اب 2 جون تک برقرار رہے گا۔

بلوچستان میں موجودہ لاک ڈاون کی معیاد آج دوپہر بارہ بجے ختم ہوگئی تھی  جس کی توسیع کے لیے محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

لاک ڈاؤن کے دوران صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، دکانیں، گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم رمضان کے بعد شاپنگ مالز،، مارکیٹیں اور دکانیں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کھولی جاسکیں گی۔

محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹورز ،بلڈ بینک اور ٹیلر شاپس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی جب کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک آوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دکانوں اور مالز میں ورکرز اور گاہکو کے لیے ہاتھ دھونے سینیٹائیزر کی فراہمی اور ماسک اور گلوز کا استعمال لازم ہے، کسی بھی گاہک کو بغیر ماسک دکان یا شاپنگ مال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ گاہک اور ورکرز کے درمیان ایک میٹر کا فا صلہ ضروری ہو گا اور کسی بھی دکان میں ایک وقت میں 4 سے زائد افراد نہیں ہوں گے۔

مزید خبریں :