ملک بھر میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ جمعۃ الوداع کے اجتماعات

ملک بھر میں آج جمعۃ الوداع مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک بھر میں آج جمعہ کے اجتماعات کی اجازت دی گئی اور کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں نماز جمعہ حفاظتی اقدامات پر عمل درامد کرتے ہوئے ادا کی گئی تاہم بعض مقامات پر رش بھی دیکھنے میں آیا۔

کراچی سمیت سندھ میں آج تقریباً 2 ماہ بعد جمعے کو سخت لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا اور جمعہ کے اجتماعات کے لیے مساجد کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔

کراچی کے علاوہ لاہور، پشاور، کوئٹہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران ملک کی سلامتی و خوشحالی اور کورونا وبا سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 1071 افراد اب تک وبا کا شکار بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :