22 مئی ، 2020
کراچی ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ گرنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے ایمرجنسی رسپانس آپریشن شروع کردیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر طیارے میں سوار مسافروں کے اہلخانہ کو داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ پی آئی اے کے ایمرجنسی رسپانس ڈیسک کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے تفصیلات لینے کا عمل جاری ہے۔
عملے کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ 3 سے 4 گھنٹے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
پی آئی اے کے مطابق ہیڈ آفس میں ایمرجنسی رسپانس سینٹر نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر کام شروع کردیا جہاں پر ائیر لائن کی اعلیٰ انتظامیہ مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور طیارے میں سوار مسافروں کے بارے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ انتظامیہ مسافروں اور عملے کے اہل خانہ کو ہر ممکن اطلاعات فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 8303 کو لینڈنگ کے وقت حادثہ پیش آیا اور طیارہ 2 بجکر 37 منٹ پر گرگر تباہ ہوگیا جبکہ جہاز میں عملے کے 7 ارکان سمیت 98 افراد سوار تھے۔
حادثے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمے ہونے کا خدشہ ہے۔