Time 22 مئی ، 2020
پاکستان

جب دونوں انجن فیل ہوجائیں تو فورس لینڈنگ کرنی ہوتی ہے، ترجمان پالپا

اب تک جو اطلاعات آئی ہیں اس کے مطابق جہاز میں پاور نہیں تھا، اصل معلومات کا علم بلیک بکس کی ریکارڈنگ سے ہوگا، طارق یحییٰ— فوٹو: فائل

پاکستان ائیرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتیں اور پتنگ بازی سول ایوی ایشن کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔

سینیئر پائلٹ اور ترجمان پالپا طارق یحییٰ کا کہنا ہے کہ اب تک جو اطلاعات آئی ہیں اس کے مطابق جہاز میں پاور نہیں تھا، اصل معلومات کا علم بلیک بکس کی ریکارڈنگ سے ہوگا۔

سینئر پائلٹ طارق یحییٰ کا کہنا ہے کہ جہاز کے پائلٹ کو کہا گیا تھا کہ جہاز کو اوپر لے جائیں، جب دونوں انجن فیل ہوجائیں تو فورس لینڈنگ کرنی ہوتی ہے لیکن جہاز زیادہ اونچائی پر نہیں تھا۔

انہوں ںے کہا کہ ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتیں اور پتنگ بازی سول ایوی ایشن قانون کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے قریب لاہور سے آنے والا پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی۔ طیارے میں 91 مسافر اور عملے کے7 ارکان سوار تھے۔

مزید خبریں :