23 مئی ، 2020
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور ہیڈ کوچ کی تقرریاں نئے سرے سے ہوں گی، کپتان بسمہ معروف اور ہیڈ کوچ اقبال امام کو فروری مارچ میں آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں ۔
28 سالہ بسمعہ معروف 108 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں ۔ انہیں ورلڈ کپ تک کپتان بنایا گیا تھا لیکن انجری کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ آسٹریلیا میں 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ مکمل نہیں کھیل سکیں تھیں۔
دوسری طرف ہیڈ کوچ اقبال امام کو بھی ذمہ داریاں میگا ایونٹ تک سونپی گئی تھیں ، اقبال امام کو گزشتہ برس بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیلئے قائم مقام ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا ، اقبال امام ، مارک کولز کے ساتھ بیٹنگ کوچ تھے جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا تھا ، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد اقبال امام کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا جبکہ اب ان کے عہدے کی بھی مدت ختم ہو چکی ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور ہیڈ کوچ کی نئی تقرریاں ہوں گی ، کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان اور ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا جائزہ عید کے بعد مکمل کر لیا جائے گا اور جون میں تقرریوں کا فیصلہ ہو جائے گا ، کارکردگی کو سامنے رکھ کر ہی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ ہو گا ۔
پی سی بی اگر مطمئن نہ ہوا تو نئے لوگوں کو سامنے لایا جائے گا ورنہ انہیں ہی مزید مدت کیلئے ذمہ داریاں دے دی جائیں گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنا تھی لیکن کوویڈ 19کی وجہ سے کوالیفائر ملتوی کر دیا گیا جس کی وجہ سے تقرریوں کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے ۔