وزیراعظم فواد چوہدری کو مداخلتِ دین سے روکیں: مفتی منیب

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین  مفتی منیب الرحمان نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے متعلق کہا ہے کہ ہم شریعت کے پابند ہیں اور فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے کیونکہ ہم شریعت کے پابند ہیں، انہیں مداخلتِ دین نہیں کرنی چاہیے اور وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کو مداخلت دین سے روکیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے لوگوں کو چاند پر بھیجنے کا کہا اس پر توجہ دیں اور ایک ماہ قبل انہوں نے عالمی معیار کے وینٹیلیٹرز بنانے کا کہا ہے تو اسے دیکھیں۔ 

مفتی منیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی کچھ محرومیاں اور مایوسیاں ہیں تو اس کے لیے دین کو نشانہ نہ بنائیں، ہم مداخلت دین پر فواد چوہدری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معلوم نہیں حکومت کو کیا مسائل ہیں، کابینہ میں کسی کا رخ مغرب تو کسی کا مشرق اور کسی کا شمال کی طرف ہے، فواد چوہدری پر پابندی لگنی چاہیے کہ اپنی وزارت تک خود کو محدود رکھیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا اور 24 مئی کو ملک میں عید ہوگی۔

مزید خبریں :