24 مئی ، 2020
کراچی طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے پی آئی اے عملے کے 2 ارکان کیپٹن سجاد گل اور فلائٹ پرسر فرید احمد کو لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔
طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ کیپٹن سجاد گل، فلائٹ پرسر فرید احمد اور ایک مسافر خاتون فروا علی کی میتیں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8403 کےذریعے کراچی سے لاہور پہنچائی گئیں جہاں کارگو کمپلیکس میں پی آئی اے کے عملے نے اپنے 2 شہید ارکان کی نمازجنازہ ادا کی جس کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
کیپٹن سجاد گل کی میت ڈیفنس میں ان کی رہائش گاہ پرلائی گئی، جس کے بعدان کی نماز جنازہ جامع مسجد ڈبلیو بلاک میں ادا کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن سجاد گل کے والد کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا بہت بہادر اور ایماندار انسان تھا، آخری وقت میں بھی انہوں نےطیارہ گھروں کی بجائے گلی میں اتار کر بہت سے لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔
فلائٹ پرسر فرید احمد چوہدری کی نماز جنازہ ہربنس پورہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ادا کی گئی۔
کیپٹن سجاد گل کو قبرستان میانی صاحب اور فلائٹ پرسر فرید احمد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔