Time 24 مئی ، 2020
پاکستان

طیارہ حادثہ: جہاز کے ملبے سے ملنے والا قیمتی سامان پی آئی اے کے حوالے

کراچی: رینجرز حکام نے حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے ملبے سے ملنے والا قیمتی سامان  پی آئی اے  کے حوالے کردیا۔

جیونیوز کے مطابق جائے حادثہ سے ملنے والے تمام سامان کو رینجرز ہیڈ کوارٹرز جامعہ ملیہ کالج کراچی میں پی آئی اے حکام کے حوالے کیا گیا۔

جائے حادثے سے بر آمد شدہ سامان میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ، آئی فون، الیکٹرانک آئٹمز، گولڈ اور آرٹیفیشل جیولری، مختلف اقسام کی گھریلو اشیاء، ہینڈ بیگز، سفری بیگز، لیڈیز اور جینٹس پرس، پاسپورٹس اور قیمتی اشیاء شامل ہیں۔

بر آمد شدہ سامان میں 3کرو ڑ24 ہزار 300 روپے جلی ہوئی پاکستانی کرنسی جب کہ نقدی رقم 16 لاکھ 67 ہزار 692 روپے پاکستانی کرنسی، 70 پاؤنڈز اور 625 ڈالرز غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔

پی آئی اے حکام نے ریسکیو آپریشن میں رینجرز کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہاتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ  پی آئی اے کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ماڈل کالونی جناح گارڈن کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں عملے سمیت 98 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مزید خبریں :